تہران ( رپورٹنگ آن لائن)ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ان کا ملک عالمی طاقتوں کے دبا کے سامنے سر نہیں جھکائے گا۔ یہ بات انہوں نے امریکہ کے ساتھ جوہری مذاکرات کے تناظر میں کہی۔
مسعود پزشکیان نے ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ایک خطاب میں مزید کہا عالمی طاقتیں ہمیں سر جھکانے پر مجبور کرنے کے لیے صف بندی کر رہی ہیں، لیکن ہم ان تمام مسائل کے باوجود سر نہیں جھکائیں گے جو وہ ہمارے لیے پیدا کر رہے ہیں۔ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ہم تمام سختیوں اور مسائل کے باوجود کسی بھی آزمائش کے سامنے ہار نہیں مانیں گے،
ہم مشکلات کا مقابلہ کریں گے اور حتمی فتح ہمارا مقدر ہوگی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے جمعہ کو بتایا تھا کہ وہ رواں ہفتے امریکہ کے ساتھ ہونے والے جوہری مذاکرات کے بعد چند دنوں میں ایک جوابی تجویز کا مسودہ تیار کرنے کی توقع رکھتے ہیں۔ اسی دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے محدود فوجی حملے کرنے پر غور کرنے کا عندیہ دیا ہے۔









