واشنگٹن(ر پورٹنگ آن لائن)واشنگٹن نے یوکرین پر روس کے حملے کے عالمی سیکورٹی پر مرتب ہونے والے سنگین خطرات سے خبردار کیا ہے۔ دوسری جانب چین نے امریکا کو باور کرایا ہے کہ روس کے سیکورٹی خدشات کو بھی سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزیر خارجہ اینٹنی بلنکن نے جمعرات کے روز اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے ٹیلفون پر رابطے میں باور کرایا کہ یوکرین کے خلاف روسی جارحیت سے عالمی امن اور معیشت کو خطرہ ہے۔ یہ بات امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے بتائی۔پرائس کے مطابق بلنکن نے زور دیا کہ جارحیت میں کمی لانا اور سفارت کاری یہ آگے بڑھنے کے دو راستے ہیں۔
بات چیت میں چینی وزیر خارجہ نے اپنے امریکی ہم منصب کو باور کرایا کہ روس کی جانب سے پیش کردہ سیکورٹی کے منطقی اندیشوں کو سنجیدگی سے لینے کی ضرورت ہے۔چینی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق وانگ یی نے ٹیلیفون پر رابطے میں میں کہا کہ عسکری بلاکوں کو مضبوط بنانے یہاں تک کہ توسیع دینے سے علاقائی امن کو یقینی نہیں بنایا جا سکتا۔وانگ یی نے بلنکن کو آگاہ کیا کہ اس وقت اولین ترجیح اس بات کو دی جائے کہ امریکا موسم سرما کے آئندہ اولمپکس میں مداخلت سے باز رہے جو بیجنگ میں منعقد ہوں گے۔ چینی وزیر خارجہ نے باور کرایا کہ امریکا کو تائیوان کے معاملے کے حوالے سے بھی آگ سے کھیلنے سے گریزکرنا ہو گا۔