معیشتوں 33

امریکا اور چین اگلے ہفتے نئے تجارتی مذاکرات پر متفق، محصولات کی جنگ ٹالنے کی کوشش

نیویارک(رپورٹنگ آن لائن)دنیا کی دو بڑی معیشتوں، امریکا اور چین نے ایک مرتبہ پھر تجارتی کشیدگی کم کرنے کے لیے آئندہ ہفتے مذاکرات کا نیا دور شروع کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔

دونوں ممالک اس کوشش میں ہیں کہ ایک اور شدید محصولات کی جنگ سے عالمی معیشت کو پہنچنے والے نقصان سے بچا جاسکے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق گزشتہ ہفتے چین نے نایاب معدنیات کی برآمد پر وسیع پابندیاں عائد کر دی تھیں، جس کے جواب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین سے درآمدات پر 100 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی۔

اسی تناظر میں ٹرمپ نے یہ عندیہ بھی دیا تھا کہ وہ ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن(اے پی ای سی)سمٹ میں اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات منسوخ کرسکتے ہیں۔تاہم تازہ پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ تنازع کے حل کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔ چینی سرکاری میڈیا کے مطابق چینی نائب وزیرِاعظم ہی لی فینگ اور امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے درمیان ہفتے کے روز کھلے، تعمیری اور گہرے مذاکرات ہوئے، جس کے نتیجے میں فریقین نے جلد ایک نئے دور کے بالمشافہ مذاکرات پر اتفاق کیا۔

اسکاٹ بیسنٹ نے سماجی رابطوں پر بتایا کہ گفتگو واضح اور تفصیلی تھی، اور وہ اگلے ہفتے ذاتی ملاقات میں بات چیت آگے بڑھائیں گے۔بیسنٹ نے چین پر الزام لگایا کہ وہ معدنیات کی پابندیوں کے ذریعے عالمی ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے، کیونکہ یہ نایاب معدنیات اسمارٹ فونز اور گائیڈڈ میزائلوں جیسے اہم آلات میں استعمال ہوتی ہیں۔ امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریئر نے بھی اس کال میں حصہ لیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں