اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاہے کہ الیکشن کمیشن نے کٹھ پتلی حکمران اتحاد کے فرار کا آخری راستہ بھی بند کر دیا ۔
اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ سپریم کورٹ کی رائے کی من مانی تشریح کرنے والے اب منہ چھپا کر روئیں گے، عمران خان سلیکٹڈ ہیں اس لئے سینیٹ میں الیکشن کی جگہ سلیکشن چاہتے تھے ،سپریم کورٹ سے نامراد لوٹنے کے بعد الیکشن کمیشن کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی ، الیکشن کمیشن پر دبائو ڈالا گیا کی اگر قابل شناخت ووٹ کے ذریعے انتخابات نہ ہوئے تو توہین عدالت ہوگی۔
انہوںنے کہاکہ ایک آئینی ادارے کے کام میں مسلسل مداخلت کرنے کی کوشش کی گئی ، الیکشن کمیشن کے فیصلے سے جمہوریت کی جیت اور کٹھ پتلی راج کو شکست ہوئی ہے، ہر محاذ کی طرح اب سینیٹ کے انتخابات کے محاذ پر بھی عمران خان کو شکست ہوگی ۔
سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاکہ یوسف رضا گیلانی کی جیت قوم کیلئے ہائبرڈ نظام سے نجات کا راستہ فراہم کرے گی ، چیئرمن بلاول بھٹو زرداری اور آصف زرداری کی مدبرانہ قیادت نے قوم کو نجات کی منزل کے قریب پہنچا دیا ہے، پی ڈی ایم کی قیادت کے اتحاد سے قوم کو جلد حقیقی جمہوریت کی بحالی کی نوید ملے گی ۔