لاہور (رپورٹنگ آن لائن)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجودہندو برادری کو ہولی تہوار کی مبارکباد دی ہے۔
ہندو برادری کے تہوار ہولی پراپنے خصوصی پیغام میں وزیرِ اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ رنگوں کا تہوار ہولی بہار آمد کی علامت ہے۔ہولی امید کا پیغام ہے، وہ امید جو ہمیں ایک بہتر مستقبل کی خبر دیتی ہے۔ اقلیتی برادری کو تعلیم، صحت، روزگار اور دیگر سہولتیں یکساں طور پر فراہم کی جا رہی ہیں۔ایسا پنجاب بنا رہے ہیں، جہاں ہر شہری خود کو محفوظ، با اختیار اور برابر کا پاکستانی محسوس کرے۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت اقلیتوں کے مذہبی اورثقافتی تہواروں کو سرکاری سطح پر منانے کا بھی اہتمام کررہی ہے۔پنجاب میں بسنے والی ہندوبرادری ہمارے معاشرے کا لازمی جزو ہیں۔وزیرِ اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ اقلیتی برادری کے مذہبی تہواروں کے لیے گرانٹ کی رقم 15 ہزار روپے کی ہے۔مینارٹی کارڈکے ذریعے مستحق اقلیتی خاندانوں کو 10,500 روپے کی مالی امداد دی جارہی ہے۔








