یاسر حسین 22

اقراء عزیز کے نام سے پہچانے جانے میں کوئی مسئلہ نہیں، یاسر حسین

کراچی(رپورٹنگ آن لائن) اداکار یاسر حسین نے کہا ہے کہ انہیں اس بات پر بالکل اعتراض نہیں کہ لوگ انہیں ان کی اہلیہ اور اداکارہ اقراء عزیز کے نام اور کامیابی کی وجہ سے پہچانیں، بلکہ انہیں اپنی اہلیہ کی کامیابی پر فخر ہے۔

یاسر حسین نے حال ہی میں عفت عمر کے پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران اپنی شناخت، اقراء عزیز کی کامیابی اور معاشرے میں مردانگی سے متعلق قائم تصورات پر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ انہیں اقرائ عزیز کی وجہ سے جانتے ہیں تو اس پر انہیں کوئی اعتراض نہیں، انہیں خود پر مکمل اعتماد ہے اور اس وجہ سے کسی احساس کمتری کا شکار نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی خاتون بہترین کام کررہی ہو تو اس کے شوہر کو اس کے نام سے پہچانے جانے میں کیا قباحت ہے، اگر بیوی کا نام زیادہ نمایاں ہو اور وہ بہترین کام کررہی ہو تو شوہر کو اس کی کامیابی پر فخر کرنا چاہیے۔

یاسر حسین نے کہا کہ معاشرے میں مضبوط اور کمزور ہونے کے حوالے سے مردانگی کے ایسے تصورات قائم کردیے گئے ہیں جو ضروری نہیں کہ درست ہوں۔ مرد ہونے کا اپنی ذات کے نام سے پہچانے جانے یا اہلیہ کے نام سے شناخت بننے سے کوئی تعلق نہیں۔ کسی عورت کی کامیابی سے مرد کو خود کو کم تر محسوس نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے ایک دوسرے اداکار کے حالیہ بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان کی ذاتی رائے کا احترام کرتے ہیں، خصوصاً اس لیے کہ وہ خود بھی ہدایتکار ہیں اور اپنی رائے رکھنے کا حق رکھتے ہیں۔ تاہم سوشل میڈیا پر بعض اوقات عام باتوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جاتا ہے اور معمولی بیانات سے غیرضروری بحث جنم لے لیتی ہے۔اپنی سوچ میں تبدیلی کا ذکر کرتے ہوئے یاسر حسین نے کہا کہ شاید یہ سوچ ہمیشہ سے ان کا حصہ نہیں تھی، تاہم اقراء عزیز سے شادی کے بعد انہیں یہ بات زیادہ واضح طور پر سمجھ آئی۔

اقراء سے ملنے کے بعد انہیں شدت سے احساس ہوا کہ جو شخص زیادہ محنت کرتا ہے اور جس کا نام زیادہ نمایاں ہے، اسے اس کا پورا کریڈٹ ملنا چاہیے۔یاسر حسین نے یہ بھی واضح کیا کہ اقرائ عزیز کی سرکاری شناختی دستاویزات میں اب بھی ان کا نام ”اقراء عزیز” ہی درج ہے، جبکہ انسٹاگرام پر انہوں نے اپنی مرضی سے ”حسین” نام استعمال کیا ہے۔ ان کے مطابق انہوں نے کبھی اقراء سے ایسا کرنے کا نہیں کہا اور انسٹاگرام پر ”حسین” نام لکھنا مکمل طور پر اقراء کا اپنا فیصلہ تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں