طلال چوہدری 15

افغانستان میں دہشتگردوں کے 7ٹھکانوں پر کارروائی میں 70 دہشتگرد ہلاک ہوئے’طلال چوہدری

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )وفاقی وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ افغانستان میں دہشتگردوں کے خلاف پاکستان کی حالیہ جوابی کارروائی میں اب تک کی اطلاعات کے مطابق قریباً 70 دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں،پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے جس نے ہمیشہ اپنے ہمسایوں کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھنے کی کوشش کی ہے۔ایک انٹر ویو میں انہوںنے کہا کہ افغانستان سے طویل عرصے سے دہشتگردی پاکستان کی سرحدوں میں ایکسپورٹ ہو رہی ہے ،پاکستان اپنے شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن کارروائی کررہا ہے، ملکی سطح پر بھی اب تک قریباً 70 ہزار انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے، جن میں متعدد افراد گرفتار اور کئی دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ افغانستان میں حالیہ کارروائی 7 دہشتگرد ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے لیے 3 مختلف علاقوں میں کی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس کارروائی میں 70 کے قریب دہشتگرد مارے گئے ہیں جن میں زیادہ تر کی شناخت پاکستان نے کی ہے۔طلال چوہدری نے کہاکہ افغان عبوری حکومت اپنا فرض نبھانے میں ناکام رہی ہے۔دوحہ معاہدے کے تحت افغانستان نے عالمی برادری کو یقین دلایا تھا کہ اس کی سرزمین کسی بھی دہشتگرد کارروائی کے لیے استعمال نہیں ہوگی، مگر عملی طور پر یہ وعدہ پورا نہیں ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں