لاہور(رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ افغانستان سے کئی سالوں سے دہشتگردی کو ایکسپورٹ کیا جارہا ہے جو اب ناقابل برداشت ہو چکا ہے ، پاکستان کی بہادر افواج نے افغانستان کی اشتعال انگیزی کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا ہے ۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ملکی خودمختاری اور سرحدی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، پاک فوج ہر قسم کی جارحیت اور دراندازی کے خلاف بھرپور دفاع کی صلاحیت رکھتی ہے اور اس نے اپنے عمل سے یہ ثابت بھی کیا ہے ۔پاکستان بارہا اس عزم کا اعادہ کر چکا ہے کہ وہ خطے میں پائیدار امن کا خواہاں ہے تاہم امن کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوںنے کہا کہ دنیا طالبان رجیم پر دبائو ڈالے کہ وہ سرحد پار دہشتگردی، اسمگلنگ اور غیر قانونی نقل و حرکت جیسے اقدامات کو ختم کرے تاکہ اس کے منفی اثرات ہمسایوں پر نہ پڑیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے دفاع، خودمختاری اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے متحد اور پرعزم ہے اور کسی بھی اشتعال انگیزی اور جارحیت کااسی طرح جواب دیا جائے گا۔









