سردار ایاز صادق 19

افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ بناہوا،پاکستان کے تحمل و برداشت کو کمزوری نا سمجھا جائے،ایازصادق

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے افغانستان کی جانب سے دراندازی کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ رات کی تاریکی میں پاکستانی چوکیوں پر حملے انتہائی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے۔

بیان میں ایاز صادق نے افغان جارحیت کے خلاف فوری اور موثر جوابی کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے علاقائی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ افغانستان بھارت کی پراکسی بن چکا ہے اور خطے کے امن کو غیر مستحکم کر رہا ہے اور افغانستان بھارت کی ایما پر پاکستان کیخلاف دہشت گرد کارروائیاں کر رہا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ رات کی تاریکی میں پاکستانی چوکیوں پرحملے انتہائی شرمناک اور بزدلانہ فعل ہے، لیکن پاک افواج کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ایاز صادق نے کہاکہ افغانستان دہشتگردوں کی آماج گاہ بنا ہوا ہے، پاکستان نے ہمیشہ صبر اور تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، پاکستان نے مسائل کو بات چیت سے حل کرنے کی کوشش کی ہے، پاکستان کے تحمل اور برداشت کو کوئی کمزوری نا سمجھا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں