ا سلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں متعدد حملے کیے ،پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 27 کارندے ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔آپریشن غضب للحق کے حوالے سے اپنے تازہ ترین بیان میں کہا کہ بلوچستان میں افغان طالبان نے شمالی بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن اضلاع میں 16 مقامات پر زمینی حملے کیے جبکہ 25 مقامات پر پاک افواج کے خلاف فائر ریڈ کی کارروائیاں کیں۔انہوں نے کہا کہ تمام مقامات پر حملوں کو مؤثر طور پر پسپا کر دیا گیا، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کے 27 کارندے ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔
انہوںنے کہاکہ مادرِ وطن کا دفاع کرتے ہوئے ایف سی بلوچستان نارتھ کا ایک جوان شہید ،پانچ جوان زخمی ہوئے۔عطا تارڑ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی جبکہ 12 مقامات پر فائر ریڈ کیا گیا، جنہیں بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنا دیا گیا۔وزیر اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا میں رات بھر جاری کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے 40 کارندے ہلاک ہوئے، فالو اپ آپریشنز تاحال جاری ہیں، آپریشن کی تفصیلی اپڈیٹ کچھ وقت میں جاری کی جائے گی۔









