نیویارک(رپورٹنگ آن لائن)افغانستان میں طالبان حملوں میں شدت آنے اور متعدد اضلاع جنگجوئوں کے قبضے میں جانے کے بعد اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کا خصوصی اجلاس آج (جمعہ )کو منعقد ہورہاہے،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ اجلاس بھارت کی زیرِ صدارت ہو گا اور اقوامِ متحدہ میں بھارت کے مستقل مندوب ٹی ایس تریمورتی اس کی سربراہی کریں گے۔افغان حکومت نے دو دن قبل سلامتی کونسل سے افغانستان پر ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔
افغان وزیر خارجہ محمد حنیف اتمر نے اپنے بھارتی ہم منصب جے شنکر سے بات چیت میں اس اجلاس کو بلانے کی درخواست کی تھی۔واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان کے حالیہ واقعات پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ اقوام متحدہ افغانستان میں امارت اسلامی کی بحالی کی حمایت نہیں کرتی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سلامتی کونسل کے ارکان کو افغانستان میں طالبان کے بڑھتے ہوئے حملوں کے نتیجے میں بڑھتے ہوئے تشدد پر شدید تشویش ہے اور وہ تشدد کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتے ہیں۔