عاصم افتخار 13

افغان سرزمین سے دہشتگردی ناقابل قبول ہے، طالبان اپنی ذمہ داری پوری کریں، پاکستان

نیویارک(رپورٹنگ آن لائن)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے افغان سرزمین پر سرگرم دہشتگرد گروہوں کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب میں پاکستانی مندوب نے کہاکہ حالیہ دہشتگرد حملوں میں80 سے زائد بے گناہ پاکستانی جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ان واقعات کی منصوبہ بندی کیلئے افغان سرزمین استعمال ہونے کے شواہد موجود ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ عناصر مسلسل پاکستان کو نشانہ بنا رہے ہیں جو خطے کے امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ ہے۔عاصم افتخار احمد نے زور دیا کہ افغانستان کی عبوری حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ اس کی سرزمین پاکستان سمیت کسی بھی ملک کے خلاف دہشتگرد سرگرمیوں کیلئے استعمال نہ ہو۔

انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اس معاملے کو سنجیدگی سے لے اور دہشتگرد نیٹ ورکس کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات کرے۔پاکستانی مندوب نے افغانستان میں جاری انسانی بحران، معاشی بدحالی اور بالخصوص خواتین کے حقوق پر عائد پابندیوں پر بھی تشویش ظاہر کی۔انہوںنے کہاکہ افغان عوام کو بنیادی حقوق اور سہولیات کی فراہمی ناگزیر ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن کی بنیاد رکھی جا سکے۔اجلاس کے دوران پاکستان نے واضح پیغام دیاکہ سرحد پار دہشتگردی نہ صرف دو طرفہ تعلقات بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہے، اور اس کے تدارک کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں