اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اعلی عدلیہ رضوانہ تشدد کیس کا ازخود نوٹس لے اور معصوم بچی کو انصاف فراہم کرے۔
جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ رضوانہ تشدد کیس طاقت اور اثر و رسوخ کے ناجائز استعمال کی بدترین مثال ہے، جنہوں نے معاشرے میں قانون اور انصاف کو یقینی بنانا تھا وہ اپنے اختیار اور طاقت کو معصوم اور نہتے لوگوں کے خلاف استعمال کر رہے ہیں، افسوس ہے کہ اعلی عدلیہ نے اس معاملہ کا ابھی تک نوٹس نہیں لیا۔
انہوں نے کہا کہ سول جج اور ان کا خاندان ظلم کرنے کے بعد انصاف کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ، اعلی عدلیہ رضوانہ تشدد کیس کا ازخود نوٹس لے اور معصوم بچی کے ساتھ انصاف کرے۔ تشدد کا نشانہ بننے والی معصوم رضوانہ کی والدہ کے بیانات انتہائی سنجیدہ نوعیت کے ہیں، ان کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، جس طرح رضوانہ پر ظلم اور تشدد کیا گیا ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے، رضوانہ کو انصاف دیا جائے۔