اسپیکر قومی اسمبلی

اسپیکر قومی اسمبلی کا ملازمین کے تحفظ کے لیے بڑا اقدام،سابقہ ادوار میں بھرتی شدہ ملازمین کو نہ نکالنے کا فیصلہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق اسپیکرز اسد قیصر اور راجہ پرویز اشرف کے دور میں بھرتی ملازمین نہ نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں سابقہ اسپیکرز کے ادوار میں خلاف قواعد600 سے زائد ملازمین بھرتی کیے گئے، ملازمین کی خلاف قواعد بھرتی کا ذمہ دار سابق اسپیشل سیکریٹری ایڈمن چوہدری مبارک نکلا، انہوں نے دونوں اسپیکرز اور فنانس کمیٹی کو گمراہ کیا۔

اسمبلی ذرائع نے بتایا کہ سابق ایڈیشنل سیکریٹری یاسین سلیمی نے بھی بہتی گنگا میں خوب ہاتھ دھوئے، تاہم اسپیکر قومی اسمبلی نے دونوں افسران کو نوکری سے فارغ کردیا جبکہ اسمبلی سیکریٹریٹ میں بے قاعدگیوں اور ملوث افسران کی مزید تحقیقات جاری ہے۔

ذرائع اسپیکر آفس کے مطابق خلاف قانون و قواعد ترقیاں حاصل کرنے والوں کی تنزلی کردی گئی ہے جبکہ اسپیکر نے اندرونی تحقیقات کے بعد کسی ملازم کو نہ نکالنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسپیکر ایاز صادق نے اپنے دوٹوک موقف میں کہا کہ افسران کی سزا ملازمین کو نہیں ملنی چاہیے۔