اسلام آباد ہائی کورٹ

اسلام آباد ہائیکورٹ ،لیگی ڈپٹی مئیرز کی نامزدگی فارمز جمع کرانے کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع کی استدعا مسترد

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے لیگی ڈپٹی مئیرز کی نامزدگی فارمز جمع کرانے کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی ۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی ۔

درخواست گزار ڈپٹی میئرز کی جانب سے سردار تیمور اسلم پیش ہوئے ۔ وکیل سر دار تیمور اسلم نے کہاکہ نامزدگی فارم جمع کرانے کی کل آخری تاریخ ہے۔ درخواست کے مطابق چار دسمبر کو الیکشن کمیشن نے الیکشن کے اہل افراد کی لسٹ جاری کی جس میں ڈپٹی مئیرز کے نام نہیں تھے۔ درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن کی دوبارہ جاری کردہ لسٹ کے مطابق تعداد 79 سے کم ہو کر 73 کردی گئی،

عدالت نے درخواست گزار وکیل کو پیر کو مرکزی درخواست پر دلائل دینے کی ہدایت کی ہے ،مئیر کے الیکشن کیلئے نااہل قرار دئیے گئے ڈپٹی میئرز عدالت سے فوری ریلیف لینے میں ناکام اور لیگی ڈپٹی مئیرز کی نامزدگی فارمز جمع کرانے کے فیصلے کے خلاف حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی گئی ۔ ڈپٹی میئرز نے کہاکہ مئیر اسلام آباد کا الیکشن روک دیں یا ڈپٹی مئیرز کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی اجازت دیں، آپ کا کیس جسٹس عامر فاروق کے سامنے پیر کو سماعت کے لیے مقرر ہے وہیں دلائل دیں۔ عدالت نے کہاکہ ابھی الیکشن میں کافی وقت ہے اگر ان کے حق میں فیصلہ میں آیا تو دیکھا بھی جا سکتا ہے ۔