جلسے کی اجازت

اسلام آباد انتظامیہ کا پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) اسلام آباد انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے فیصلے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جس کے مطابق فیصلہ فیڈرل کیپیٹل انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔

قبل ازیں فیڈرل کیپیٹل انٹیلی جنس کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس چیف کمشنر کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں آئی جی اسلام آباد، ڈی سی اسلام آباد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق اجلاس میں ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے جاری کیے گئے این او سی کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں آئی جی اسلام آباد نے مختلف ایونٹس ہونے کی وجہ سے سیکورٹی خدشات کا اظہار کیا، 22 اگست کو مذہبی جماعت کی جانب سے سپریم کورٹ کے سامنے احتجاج کی کال دی گئی ہے، بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کی اسلام آباد میں موجودگی پر بھی سیکورٹی تعینات ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے شہر میں موجود سفارت خانوں کی سیکورٹی کا بھی حوالہ دیا، موجودہ حالات میں پی ٹی آئی کو این او سی جاری کرنا غیر محفوظ ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کیا گیا 31 جولائی کا این او سی منسوخ کیا جاتا ہے۔