لاہور (رپورٹنگ آن لائن) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی جانب سے امریکہ اور صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف دوٹوک اور جرات مندانہ موقف درحقیقت پاکستانی عوام کے جذبات کی بھرپور ترجمانی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں جہاں امت مسلمہ کو مختلف سازشوں کے ذریعے تقسیم کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، وہاں جماعت اسلامی نے ہمیشہ اتحادِ امت کا پرچم بلند رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران کے حوالے سے جس طرح بے بنیاد پراپیگنڈا کیا گیا، اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ ایران نے اپنے دفاع میں جس حکمت عملی اور جرات کا مظاہرہ کیا، اس سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ وہ کسی بھی بیرونی دباؤ کے سامنے جھکنے والا ملک نہیں۔ امریکہ اور اسرائیل کی جارحانہ پالیسیوں کو ایران نے جس انداز میں ناکام بنایا، وہ امت مسلمہ کے لیے حوصلہ افزا مثال ہے۔
محمد جاوید قصوری نے کہا کہ کچھ عناصر پاکستان کے اندر فرقہ وارانہ تقسیم کو ہوا دے کر دشمن کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتے تھے، مگر جماعت اسلامی کے واضح اور متوازن موقف نے ان سازشوں کو ناکام بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں اور وہ کسی بھی قسم کی فرقہ وارانہ یا لسانی تقسیم کو قبول نہیں کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنی پالیسیوں کی ناکامیوں کے باعث شدید دباؤ کا شکار ہیں اور اب وہ اپنی ہی ٹیم پر ذمہ داری ڈالنے کے ساتھ ساتھ مذاکرات کی بات کر رہے ہیں،
جو ان کی کمزوری کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ جماعت اسلامی ملک و ملت کے مفادات کے تحفظ اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مسلم ممالک اپنے باہمی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں اور عالمی استعماری قوتوں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اختیار کریں۔








