اسرائیل

اسرائیل نے ایران کے فوجی اڈوں پر حملے کا منصوبہ بنا لیا، نیو یارک ٹائمز

نیویارک(رپورٹنگ آن لائن) امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیل نے ایران کے فوجی اڈوں پر حملے کا منصوبہ بنا لیا ہے جبکہ سابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نفتالی بینیٹ نے اسرائیل سے ایرانی جوہری پروگرام پر حملے کا مطالبہ کردیا ہے ۔ نیویارک ٹائمز کا کہنا ہے کہ اسرائیل ایرانی انقلابی گارڈز کے اڈوں اور انٹیلی جنس مراکز پر حملہ کرے گا۔اخبار نے کہا ہے کہ ایران نے اسرائیلی حملے پر ردِعمل دیا تو ایران کے ایٹمی مراکز پر حملہ ہو سکتا ہے۔ ادھر سابق اسرائیلی وزیرِ اعظم نفتالی بینیٹ نے اسرائیل سے ایرانی جوہری پروگرام پر حملے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق نفتالی بینیٹ نے کہا ہے کہ پہلی بار ہمارے پاس خوفناک ردِعمل کے خوف کے بغیر ایران پر حملے کی صلاحیت ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ واحد موقع ہے جب ایرانی حکومت اور جوہری پروگرام کو نقصان پہنچانے کی قانونی حیثیت اور صلاحیت دونوں موجود ہیں۔

دوسری جانب امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی( سی آئی اے) کے چیف ولیم برنس کا کہنا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس کا خیال ہے اسرائیل اور ایران مکمل جنگ نہیں چاہتے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ولیم برنس نے کہا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں اضافے کا خطرہ حقیقی ہے، اسرائیل بہت احتیاط سے ایرانی حملے کے جواب کا سوچ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے احتیاط سے سوچنے کے باوجود غلط فیصلے کا خدشہ ہے، مشرق وسطی ایسی جگہ ہے جہاں ہر وقت پیچیدہ چیزیں ہوتی رہتی ہیں۔