انقرہ(رپورٹنگ آن لائن)ترکیہ نے اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مشرق وسطی میں جنگ بندی اور امن کے لییجاری کوششوں کو کمزور کر رہا ہے، اسرائیل کی تمام منفی کوششوں کے باوجود ترکیہ جنگ بندی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔یہ بات ترک صدر رجب طیب اردوان نے گزشتہ روز ترک کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت ابھی تک جنگ کے خاتمے کے لیے کوششوں کو ناکام بنانے میں لگی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہلکی سی امید ہونے کے باوجود ترکیہ جنگ کے خاتمے کے لیے اپنی مخلصانہ کوششیں جاری رکھے گا ۔ انہوں نے اس سلسلے میں ترکیہ کی سفارتی کوششوں کے لیے اقدامات کا ذکر بھی کیا ۔ ترک صدر نے کہا کہ یہ جنگ جس قدر طول پکڑے گی آگ دور تک پھیلتی چلی جائے گی۔ بد قسمتی سے ہم اپنے خطے کے لیے تشویش سے دوچار ہونے پر مجبور ہیں۔ خطرات بڑھ رہے ہیں اس لیے بطور صدر میں خود اور ہمارے وزرا جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی رابطوں میں مصروف ہیں۔









