احمد الشرع 80

اسرائیل سے سیکورٹی معاہدہ،مذاکرات آگے بڑھ رہے ہیں،شامی صدر

دمشق(رپورٹنگ آن لائن)شام کے صدر احمد الشرع نے اعلان کیا ہے کہ شامی اور اسرائیلی وفود دو طرفہ سکیورٹی معاہدے سے متعلق مذاکرات میں آگے بڑھ رہے ہیں۔الشرع نے صحافیوں سے ایک ملاقات کے دوران کہا کہ دو طرفہ معاہدے کی طرف پیش رفت ہو رہی ہے۔

انھوں نے زور دیا کہ ملک کے مفاد میں کسی بھی معاہدے یا فیصلے کو اپنانے میں ہچکچاہٹ نہیں ہو گی۔شامی صدر نے مزید وضاحت کی کہ زیرِ بحث معاہدہ 1974 میں طے شدہ شامی اور اسرائیلی افواج کے درمیان جولان کی مقبوضہ شامی پہاڑیوں پر کنٹرول لائن کی واپسی پر مبنی ہو گا۔اس کے ساتھ ساتھ انھوں نے مشرقِ وسطی کے ممالک کے درمیان معاشی انضمام کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ وہ کسی ایسے فیصلے یا معاہدے کو قبول کرنے میں ہچکچاہٹ نہیں کریں گے جو شام اور خطے کے مفاد میں ہو۔ یہ بات مقامی میڈیا نے بتائی۔

لبنان کے بارے میں بات کرتے ہوئے شامی صدر نے کہا کہ ایسے لوگ موجود ہیں جو حزب اللہ کے ساتھ حساب چکانے کے لیے نئے شام کا سہارا لینا چاہتے ہیں، تاہم نئی قیادت اس سے دور ہے۔ الشرع کا کہنا تھا میں لبنانی – شامی تعلقات کی نئی تاریخ رقم کرنے اور ماضی کی وراثت سے یادداشت کو آزاد کرنے کا خواہاں ہوں۔

کچھ ہمیں دہشت گرد اور وجودی خطرہ بنا کر پیش کرتے ہیں، اور کچھ نئے شام کو حزب اللہ کے خلاف حساب چکانے کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہم نہ یہ ہیں اور نہ وہ۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ، سابق صدر بشار الاسد کے بڑے حامیوں میں شامل رہی اور برسوں تک خانہ جنگی میں شامی حکومت اور اس کی اتحادی ملیشیاں کے شانہ بشانہ لڑتی رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں