اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی جس دور ان علاقائی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماں نے غزہ اور فلسطین کی صورتحال سمیت علاقائی و عالمی پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے عراق میں 17 اور 18 اکتوبر کو منعقد ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کونسل کے آئندہ اجلاس کے ایجنڈے اور حکمت عملی پر بھی گفتگو کی۔انہوں نے دوطرفہ روابط اور کثیرالجہتی فورمز پر تعاون کے ذریعے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے قریبی رابطہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔









