چوہدری اشرف

اراضی کیس میں گرفتار لیگی رکن قومی اسمبلی چوہدری اشرف کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

لاہو ر(رپورٹنگ آن لائن) لاہور کی مقامی عدالت نے اراضی کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری اشرف کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔

اینٹی کرپشن حکام نے مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی چوہدری اشرف کو سرکاری اراضی پر قبضے کے کیس میں دو روزہ جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر لاہور کے جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا۔محکمہ اینٹی کرپشن کے وکیل نے بتایا کہ مزید تفتیش کے لئے جسمانی ریمانڈ میں توسیع دی جاے جبکہ چوہدری اشرف کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے استدعا کی کہ مقدمہ خارج کیا جائے۔

عدالت نے وکلاء کے دلائل کے بعد چوہدری اشرف کو 14روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا ۔ساتھ ہی عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ چالان کے متعلق رپورٹ جلد پیش کی جائے۔اینٹی کرپشن نے 27دسمبر کو مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے چوہدری اشرف کو 157 ایکڑ 1 کنال 16 مرلے سرکاری اراضی پر ناجائز قبضہ کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا تھا ۔اینٹی کرپشن حکام نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے ایم این اے چوہدری محمد اشرف کو مقدمہ میں متعدد بار تفتیش کے لئے طلب کیا مگر وہ پیش نہ ہوئے جس پر انہیں گرفتار کیا گیا۔
٭