کراچی(ر پورٹنگ آن لائن) ادارہ شماریات نے گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
ادارہ شماریات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.22 فیصد کمی ہوئی جبکہ گزشتہ ہفتے 15
روزمرہ کے استعمال کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ملک میں 13 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 23 میں استحکام رہا۔
چینی کی قیمتوں میں دو ماہ سے مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ ہفتے چینی کی فی کلو قیمت میں 2 روپے 88 پیسے کا اضافہ ہوا اور پیاز کی
فی کلو قیمت میں 2 روپے 68 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ادارہ شماریات کے مطابق زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 19 روپے 22
پیسے کی کمی رہی اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 62 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ دال ماش، دال مونگ، دال مسور،
انڈے اور آلو کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی۔