اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نےپولیس آرڈر پر عمل درآمد کیس میں ریمارکس دیے ہیں کہ اداروں نے اپنے نام سے سوسائٹیز بنائی ہیں، ان کے پرائیویٹ بزنس ہیں، اس سے بڑا مفاد کا ٹکرا وکیا ہے؟،وفاقی حکومت پراسیکوشن برانچ بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتی، بڑے آدمی کو کچھ ہو جائے تو پوری مشنری ادھر پہنچ جاتی ہے لیکن عام آدمی کے لیے کچھ نہیں کیا جاتا، ڈپٹی کمشنر بے بس ہیں، ریاست جس نے عوام کا تحفظ کرنا ہے اس کے آرگنائزر خود کرائم میں ملوث ہیں، ایلیٹس کی اجارہ داری ہے کوئی رول آف لا نہیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں وفاقی دارالحکومت میں پولیس آرڈر پر عمل درآمد سے متعلق کیس پر سماعت ہوئی۔ اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، آئی جی اسلام آباد ، سیکریٹری داخلہ ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ پورا سسٹم عام آدمی کے لیے بیٹھا ہے کہ لیکن سب کام اس کے خلاف ہو رہا ہے، ہمیشہ کہا جاتا ہے کہ عدلیہ کا دنیا میں کون سا ریٹ ہو گیا ہے، کیسے قبضے ہوتے ہیں ان سب آفیشلز کو پتہ ہے ایس ایچ او پٹواری ملوث نا ہو تو قبضہ ہو ہی نہیں ہو سکتا ، اداروں نے اپنے نام سے سوسائٹیز بنائی ہیں ان کے پرائیویٹ بزنس ہیں اس سے بڑا مفاد کا ٹکرا وکیا ہے؟۔
وفاقی حکومت پراسیکوشن برانچ بنانے میں دلچسپی نہیں رکھتی۔چیف جسٹس نے کہا کہ بڑے آدمی کو کچھ ہو جائے تو پوری مشنری ادھر پہنچ جاتی ہے لیکن عام آدمی کے لیے کچھ نہیں کیا جاتا، ڈپٹی کمشنر بے بس ہیں کیونکہ وہ خود کوآپریٹو سوسائٹی کے ہیڈ ہیں ، کیا وزارت داخلہ کی سوسائٹی کے خلاف ڈپٹی کمشنر فیصلہ کر سکتا ہے؟ جو بھی ججمنٹ دی اس کو لیکر دراز میں رکھ دیا جاتا ہے کیونکہ وہ غریب سے متعلق ہوتی ہے، یہاں اسلام آباد میں تمام اداروں نے اپنے اپنے رئیل اسٹیٹ کے بزنس کھولے ہوئے ہیں ، ریاست جس نے عوام کا تحفظ کرنا ہے اس کے آرگنائزر خود کرائم میں ملوث ہیں، ایلیٹس کی اجارہ داری ہے کوئی رول آف لا نہیں ، ایف آئی اے ، داخلہ ، آئی بی سب نے اپنی اپنی ہاوسنگ سوسائٹیز بنائی ہوئی ہیں ، قبضہ گروپس کو ریاستی اداروں کی جانب سے پروٹیکشن حاصل ہے۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ساٹھ سال پہلے جن کی زمینیں لیں ان کو معاوضے نہیں دئیے گئے ، کون آئے گا ان کمزور لوگوں کے تحفظ کرنے، کیا آپ آئی بی وزارت داخلہ کے رئیل اسٹیٹ بزنس کو کیسے Justify کر سکتے ہیں ؟۔
اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے جواب دیا کہ میں نہیں کر سکتا۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ جیسے ہی موٹروے سے اتریں تو بڑا سا بورڈ لگا ہے سپریم کورٹ ہاوسنگ سوسائٹی ، رجسٹرار کوآپریٹو ہاوسنگ سوسائٹی اس سے متعلق لاچار ہے ، پچھلی سماعت پر بتایا گیا تھا کہ اداروں کے نام پر ہاوسنگ سوسائٹی رکھنا غیر قانونی ہے۔ ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقات نے کہا کہ وزارت داخلہ کا ہاوسنگ سوسائٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ چیف جسٹس نے ہدایت کی کہ یہ بہت سنگین معاملہ وفاقی کابینہ اور وزیراعظم کے نوٹس میں لائیں۔