شہباز شریف 7

اداروں کی کارکردگی جانچنے کیلیے نظام تشکیل پاچکا، اہداف میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی، وزیراعظم

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اداروں کی کارکردگی جانچنے کیلئے نظام تشکیل پاچکا، اہداف میں تاخیر برداشت نہیں کی جائیگی،ہماری حکومت زراعت کے شعبے میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن سرپرستی اور بھرپور مالی معاونت فراہم کرے گی۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پی ایم او ایس کے تحت وزارت قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس آج وزیراعظم ہاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پی ایم او ایس کی شکل میں وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور اداروں کی کارکردگی جانچنے کے حوالیسے ایک انتہائی موثر نظام تشکیل پا چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے تحت دیے گئے اہداف اور ٹائم لائنز میں کسی قسم کی کوئی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے پی ایم او ایس کو مزید بہتر اور کارگر بنانے اور اس حوالیسے متعلقہ اداروں کے درمیان ہم آہنگی اور رابط بڑھانے کی ہدایت بھی کی۔وزیراعظم نے کہا کہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور زرعی شعبے کی پائیدار ترقی میں جدید تحقیق کو بنیادی اور کلیدی حیثیت حاصل ہے۔انہوںنے کہاکہ ہماری حکومت زراعت کے شعبے میں تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے ہر ممکن سرپرستی اور بھرپور مالی معاونت فراہم کرے گی تاکہ جدید طریقوں سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے؛ اس کے ساتھ ساتھ، کاشتکاری کی لاگت میں کمی اور فی ایکڑ پیداوار میں خاطر خواہ اضافے کے لیے جدید زرعی مشینری کا استعمال ناگزیر ہے، جس کی کاشتکاروں تک آسان فراہمی کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

اجلاس کو پی ایم او ایس کے تحت وزارت قومی غذائی تحفظ کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، اجلاس کو آگاہ کیا گیا کی ملک بھی زرعی اجناس کی اسٹوریج کی صلاحیت بہتر بنانے کے حوالیسے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر سے کسانوں کی رجسٹریشن کے لئے میرا کسان ڈیجیٹل ایپلی کیشن کا آغاز بھی کر دیا گیا یے، حکومتی سطح پر زرعی شعبے میں ادارہ جاتی اصلاحات بھی کی جارہی ہیں ۔ اس حوالے سے نیشنل ایگریکلچر اینڈ فوڈ سیکیورٹی ایڈوائزری کونسل تشکیل دی گئی جس کے سیکریٹریٹ نے کام کا آغاز بھی کر دیا یے۔

اجلاس کو پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کی تشکیل نو پر بھی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے نقصانات سے بچانے کے لیے فصلوں کی انشورنس کی کوریج ناگزیر ہے، زرعی انشورنس کو بہتر بنانے پر کام جاری ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں