احسن اقبال

احسن اقبال کی شکایت پر وزارت داخلہ نے پی ای سی کے الیکشن میں نادرا کے بائیو میٹرک سسٹم کے فیل ہونے کی انکوائری کا حکم دیدیا

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال کی تحریری شکایت پر چ نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے 18اگست کو ہونے والے الیکشن میں نادرا کے بائیو میٹرک سسٹم اور پی ای سی ڈیٹا بیس کے درمیان چار گھنٹے کے تعطل کے باعث ووٹرز کی جانب سے اپنا حق رائے دہی استعمال نہ کر سکنے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ راجہ رفعت مختار کو انکوائری افسر مقرر کر دیا ۔

تحقیقات میں وفاقی وزیر احسن اقبال کی شکایت کے حوالے سے انکوائری کر کے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ مرتب کر کے وزارت داخلہ کو آگاہ کیا جائے ۔

واضح رہے کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل کے الیکشن کے روز وفاقی وزیر احسن اقبال جو خود بھی انجینئر ہیں اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لئے پیکو روڈ نادرا آفس پولنگ اسٹیشن پہنچے لیکن سسٹم ڈائون ہونے کی بنا پر تین گھنٹے انتظار کے بعد اپنا ووٹ کاسٹ کئے بغیر چلے گئے ۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزارت داخلہ کی تحریری شکایت میں نشاندہی کی کہ انجینئرز کی بہت بڑی تعداد سسٹم فیل ہونے کی وجہ سے اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے سے محروم رہی تھی ۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ ایک موقع پر انتظامیہ کی طرف سے بغیر بائیو میٹرک تصدیق کے ان کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دی گئی تو انہوں نے اس غلط طریق کار کو قبول کرنے سے انکار کیا ۔