اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ جن کی ماہانہ آمدنی 50 ہزار روپے سے کم ہے وہ احساس راشن رعایت پروگرام میں رجسٹرڈ ہو سکیں گے،عالمی سطح پر مہنگائی سے پاکستان بھی متاثر ہوا ہے ، جب تک مہنگائی ہے، حکومت اس کا توڑ لانے کےلئے متحرک رہے گی ۔
بدھ کو اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ عالمی سطح پر مہنگائی سے پاکستان بھی متاثر ہے ، جب تک مہنگائی ہے، حکومت متحرک ہے کہ اس کا توڑ لایا جائے، حکومت نے اسی لیے احساس راشن رعایت پروگرام شروع کیا ہے،احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کو آٹا ، دالوں اور تیل یا گھی پر ایک ہزار کی رعایت ملے گی، مجھے تہہ دل سے خوشی ہے کہ قومی بینک کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔
ہم مل کر عوام کی مشکلات کو حل کریں گے، جن کی ماہانہ آمدنی پچاس ہزار سے کم ہے وہ احساس راشن رعایت پروگرام میں رجسٹرڈ ہو سکیں گے، مستحق خاندان کے سربراہ کو 8171 پر اپنا شناختی کارڈ نمبر میسج کرنا ہے، 10 دسمبر تک رجسٹریشن ہو گی،رجسٹریشن صرف اس کی ہو گی جو اپنے نام کی سم سے ایس ایم ایس کرے گا، دکانداروں اور کریانہ مالک کی الگ رجسٹریشن ہو گی۔