ملتان (رپورٹنگ آن لائن ) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا عوام اور اپوزیشن جماعتوں کا حق ہے، اگر احتجاج میں سرکاری املاک کو نقصان نہیں پہنچایا جاتا تو ان سے اچھا سلوک کرنا چاہیے ،میری کوشش رہتی ہے ملتان کی ترقی کے لیے کام کروں، شکر ہے کہ اومیکرون سے اموات کا سلسلہ کم رہا ہے۔
چوہدری محمد سرور نے ملتان نشتر میڈیکل یونیورسٹی کا دورہ کیا اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی میڈیسن ہیلپ لائن کی سہولت دینے کے لیے 40 سینٹر کھول دیے گئے ہیں، کورونا کے مشکل وقت کے دوران ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف نے جانوں کی قربانی دے کر کام کیا۔ گورنر پنجاب کا کہنا ہے کہ انکا نام سنہری حروف میں لکھا جانا چاہیے، کورونا سے فرنٹ لائن پر لڑتے ہوئے 3 ڈاکٹرز شہید بھی ہوئے، شہید 3 ڈاکٹرز کو ایوارڈ دیا جائے گا۔
محمد سرور نے کہا کہ نشتر میں ڈویلپمنٹ کا کام بہت سست روی کا شکار ہے جس کی شکایات موصول ہوئی ہیں، نشتر جنوبی پنجاب کا قابل فخر ادارہ ہے اس کو سپورٹ کرنا ضروری ہے۔ انکا کہنا ہے کہ ڈویژن ملتان میں 22 فلٹر پلانٹس کا افتتاح کیا ہے، 31 مارچ تک پورے پنجاب میں ڈیڑھ کروڑ لوگوں تک صاف پانی پہنچائیں گے۔ چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ احتجاج کرنا عوام اور اپوزیشن جماعتوں کا حق ہے، اگر احتجاج میں سرکاری املاک کو نقصان نہیں پہنچایا جاتا تو ان سے اچھا سلوک کرنا چاہیے۔