نئی دہلی (رپورٹنگ آن لائن)معروف بھارتی اداکار و ہدایتکار اجے دیوگن کی شاہد آفریدی کے ساتھ وائرل پرانی تصاویر پر بھارت میں ہنگامہ کھڑا ہوگیا۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اجے دیوگن پر سخت تنقید کی جارہی ہے کہ انہوں نے پاکستان کے اسٹار سے کیوں ملاقات کی اور سوشل میڈیا پر ان تصویروں کو ایسے پیش کیا جارہا ہے کہ جیسے یہ حال میں لی گئی ہوں تاہم درحقیقت یہ پرانی تصاویر ہیں۔ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (WCL) 2024 کے دوران یہ تصاویر لی گئی تھیں مگر اس وقت اب یہ پھر وائرل ہوئیں جب حال ہی میں پاک بھارت میچ منسوخ ہوا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈبلیو سی ایل کے ایک متوقع میچ کی منسوخی کے بعد بھارتی شائقین نے شاہد آفریدی کی ٹیم میں شمولیت پر اعتراض کیا۔ اجے دیوگن کے WCL میں شریک ہونے کی خبر بھی عام ہوچکی تھی، اسی تناظر میں اجے دیوگن کی شاہد آفریدی کے ساتھ پرانی تصویر وائرل ہوئی جس پر بھارتی صارفین نے شدید غصے کا اظہار کیا۔
متعدد صارفین نے اجے دیوگن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب کسی بالی وڈ اداکار پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، اجے صرف پردے پر بھارت سے محبت کرتے ہیں، اصل میں نہیں، سب پیسے کے لیے کام کرتے ہیں، اب یہ اپنی امیج بچانے کے لیے ایک اور محب وطن فلم بنائیں گے۔واضح رہے کہ اجے دیوگن اس ٹورنامنٹ میں ایک ٹیم کے شریک مالک ہیں اور یہ تصویر موجودہ سیاسی تنازع کے آغاز سے پہلے کی ہے۔









