کراچی (رپورٹنگ آن لائن ) سندھ ہائی کورٹ نے اثاثہ جات کیس میں منظور وسان کی عبوری ضمانت میں 25 فروری تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو بھی پیش ہونے کا حکم دیدیا ۔
پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں پیپلز پارٹی رہنما منظوروسان کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے کی نیب انکوائری میں منظوروسان کی درخواستِ ضمانت پر سماعت ہوئی۔ نیب پراسیکیوٹرنے کہا کہ منظوروسان کے خلاف انکوائری بند کرنے یا جاری رکھنے کے متعلق ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ منظوروسان کے خلاف انکوائری بند کرنے سے متعلق ہیڈ کوارٹر کو معاملہ ارسال کیا تھا۔
ہیڈ کوارٹر نے نیب سکھرکی رپورٹ پر کچھ اعتراضات لگا دیے تھے۔ نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ نیب ہیڈ کوارٹرنے اعتراضات دور کرکے دوبارہ بھیج دیا ہے۔ جب تک ہیڈ کوارٹرسے منظوری ملے تب تک مزید مہلت درکار ہے۔عدالت نے منظور وسان کی عبوری ضمانت میں 25 فروری تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر انکوائری جاری رکھنے یا بند کرنے سے متعلق جواب طلب کرلیا۔ سندھ ہائی کورٹ نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا۔









