سہیل آفریدی 8

اب 20 نہیں 40 لاکھ لوگ لیکر اسلام آباد جائیں گے، وزیر اعلی خیبر پختونخوا

ہنگو(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 تاریخ کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ ہوگا، اب 20 نہیں 40 لاکھ لوگ لیکر جائیں گے۔ہنگو میں اسٹریٹ موومنٹ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریی نے کہا کہ عمران خان کے علاج سے متعلق فیصلے کو حکومت اور انتظامیہ نے ردی کی ٹوکری میں پھینک کر عدلیہ کے منہ پر طمانچہ مارا ہے،ایک دفعہ پھر اس ملک کے ان ٹچیبل نے ثابت کیا کہ وہ آئین و قانون سے بالاتر ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ ہمارے خلاف عدالت ، ایف آئی اے یا کوئی اور ادارہ حکم دیتا ہے تو ایک گھنٹے میں اس پر عملدرآمد ہو جاتا ہے ، پندرہ منٹ میں پولیس پہنچ جاتی ہے، عمران خان کے علاج کے لیے عدالتوں نے دو دنوں کا وقت دیا مگر جو خود کو آئین و قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں انہوں نے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ اگر عدالتیں ان ان ٹچیبل کو کٹہرے میں نہیں لا سکتیں تو انہیں مظلوموں کو بھی سزا سنانے کا کوئی حق نہیں، اگر ظالموں اور طاقتوروں کو سزائیں نہیں سنائی جا سکتی تو عدلیہ سے گزارش ہے کہ جن کمزور لوگوں کو قید کیا ہے انہیں بھی آزاد کر دیں، یہ نہیں ہو سکتا کہ ایک ملک میں کمزور کے لیے ایک قانون ہو اور طاقتور کے لیے دوسرا قانون ہو۔

سہیل آفریدی نے کہاکہ عمران خان نے حقیقی آزادی کی جو جدوجہد شروع کی ہے اسکا مقصد کمزور اور طاقتور کے لیے ایک قانون ہے، عدالتوں کو سوچنا ہوگا کہ یہ ملک کو کس طرف لے جا رہے ہیں، کسان پریشان ہے، صنعتکار سرمایہ ملک سے باہر منتقل کر رہا ہے، اگر انکا فیصلہ ہے کہ انہوں نے طاقتور کو بچانا ہے تو ہم اس فیصلے سے باغی ہیں، نوجوانوں نے ملک کا فیصلہ کرنا ہے، انہیں اپنے مستقبل کے لیے کھڑا ہونا ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہاکہ پی ٹی آئی خواتین پر ظلم و جبر کیا جا رہا ہے ، عمران خان کی بہنوں کی بے توقیری کی گئی، اب ان کے پاس عورت کارڈ کا پتا بھی ختم ہوگیا، عمران خان سے ہم جنون کی حد تک عشق کرتے ہیں، ہم خان کی بہن کے ایک ایک آنسو کی قیمت چکائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں