سابق چیف جسٹس ثاقب نثار

آڈیو لیک،اسلام آباد ہائیکورٹ میں تحقیقاتی کمیشن بنانے کیلئے درخواست دائر

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ٹیپ اور عدلیہ پر دیگر الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کی درخواست دائر کردی گئی، سندھ ہائیکورٹ بار کے صدر صلاح الدین احمد اور ممبر جوڈیشل کمیشن سید حیدر امام رضوی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں سیکرٹری قانون اور چاروں محکمہ داخلہ کے سیکرٹریز کو فریق بنایا گیاہے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس سے منسوب آڈیو ٹیپ سے تاثر ملتا ہے کہ عدلیہ بیرونی قوتوں کے دبا میں ہے، عدلیہ کی آزادی کے تحفظ کے لیے آڈیوجعلی ہے یااصلی، تعین کرنا ضروری ہے،

درخواست میں کہا گیا ہے کہ آڈیو ٹیپ نے عدلیہ کے وقار کو نقصان پہنچایا ہے اور اس نے عدلیہ کی آزادی پر اہم نوعیت کے سوالات اٹھائے ہیں، آئینی عدالت ہونے کے ناطے عوام کا آزاد، غیر جانبدار عدلیہ پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدلیہ پر الزامات کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنایا جائے، عدلیہ کو اپنے نام کے تحفظ کے لیے آزاد خودمختار کمیشن بنانا چاہیے،

اچھی شہرت والے ریٹائرڈجج ،وکیل، صحافی اور سول سوسائٹی کے افراد پر مشتمل آزاد خودمختار کمیشن بنایا جائے، کمیشن سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سے منسوب مبینہ آڈیو ٹیپ کی چھان بین کرے جب کہ کمیشن کو عدلیہ پر دیگر الزامات کی چھان بین کا بھی کہا جائے۔