علی امین گنڈاپور

آڈیو لیک کیس،علی امین گنڈا پور کیخلاف 6 جون کو فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)اسلام آباد کی عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر تے ہوئے ان کے اور دیگر ملزمان کے خلاف فردِ جرم کی تاریخ 6 جون مقرر کردی۔کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالغفور کاکڑ نے کی، شریک ملزم اسد خان عدالت میں پیش ہوئے اور حاضری لگائی۔

دوران سماعت علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی جسے عدالت نے منظور کر لیا۔عدالت نے علی امین گنڈاپور اور شریک ملزم اسد خان پر فرد جرم کیلئے چھ جون کی تاریخ مقرر کر دی۔علی امین گنڈا پور کے خلاف تھانہ گولڑہ میں آڈیو لیک کے حوالے سے مقدمہ درج تھا۔یاد رہے کہ 2022 میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے حوالے سے علی امین گنڈا پور کی ایک شخص کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک ہوگئی تھی جس میں علی امین گنڈا پور پوچھ رہے ہیں کہ بندوقیں کتنی ہیں، جس پر دوسرا شخص کہتا ہے کہ بہت ہیں۔