لاہور (رپورٹنگ آن لائن) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے افغانستان کی طرف سے حملوں کا بھرپور جواب دینے پر افواجِ پاکستان کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔
مریم اورنگزیب نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے صبر وتحمل کا آخری حد تک مظاہرہ کیا، ہماری امن پسندی کو کمزوری سمجھنے والوں کی غلط فہمی دور ہو گئی ہے، حملہ آور جتنی تیزی سے آئے تھے پاکستان کی بہادر افواج کے نپے تلے اور موثر جواب پر اس سے زیادہ تیزی سے میدان سے فرار ہو گئے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے افغانستان کی ترقی، امن اور افغان عوام کی خدمت کے لئے تاریخی کردار ادا کیا ہے تاہم پاکستان پر حملہ عالمی قانون اور حکمران افغان انتظامیہ کے اپنے معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی تھی۔
معرکہ حق کی طرح ایک بار پھر وطن عزیز کے موثر دفاع اور پیشہ ورانہ عسکری مہارت کے مظاہرے پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان کو قوم سلام پیش کرتی ہے، پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں اور آج بھی خطے اور عالمی امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ہمسایوں سمیت دنیا میں پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے لیکن اپنے دفاع، سلامتی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔








