اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز کا فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن ”غضب للحق“ بھرپور طریقے سے جاری ہے اور اس دوران اہم کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ کارروائیوں کے دوران افغان طالبان رجیم کے 641 کارندے ہلاک جبکہ 855 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا ہے، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کی 243 چیک پوسٹیں تباہ کر دی گئیں جبکہ 42 چیک پوسٹوں پر قبضہ کر کے انہیں بھی ختم کر دیا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران افغان طالبان رجیم کے 219 ٹینک اور مسلح گاڑیاں بھی تباہ کر دی گئیں.انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں 65 مختلف مقامات پر فضائی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور اہداف کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں اور یہ کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔









