شہبازاکمل جندران۔۔۔
ڈائیریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ریجن ڈی لاہور نعمان خالد نے ای ٹی او ایکسائز لاہور ٹو چوہدری اکرم کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلبی کرلی ہے۔
ای ٹی او ایکسائز لاہور ٹو کو شوکاز نوٹس آواری ہوٹل لاہور کی وینڈ شاپ کے سٹاف کے خلاف FIR درج نہ کرنے پر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ریجن ڈی لاہور نعمان خالد نے 16 نومبر 2022 کو آواری ہوٹل لاہور کی وینڈ شاپ میں شراب کی فروخت کے حوالے سے بہت سی بے ضابطگیاں نوٹ کی تھیں اور وینڈ شاپ کو سربمہر کرتے ہوئے ہوٹل ایڈمنسٹریشن کو پرمٹ روم کے لئے نیا سٹاف رکھنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔
جبکہ ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈائیریکٹر ریجن ڈی لاہور کو ہدایات جاری کی تھیں کہ ای ٹی او ایکسائز لاہور ٹو اور آواری ہوٹل کی وینڈ شاپ کے سٹاف کے خلاف شراب کی ناجائز فروخت پر مقدمہ درج کیا جائے۔
ڈائیریکٹر جنرل کی تحریری ہدایات کی روشنی میں ای ڈائیریکٹر ریجن ڈی لاہور نے ای ٹی او مذکور کو ہوٹل سٹاف کے خلاف قانونی کارروائی کی تحریری ہدایات جاری کی تھیں لیکن ای ٹی او ایکسائز لاہور ٹو چوہدری اکرم نے مقدمہ درج نہ کروایا جس پر انہیں شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔
ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ محکمہ کا سابق اہلکار مسعود وڑائچ ای ٹی او ایکسائز لاہور ٹو چوہدری اکرم پر آواری ہوٹل لاہور کی وینڈ شاپ کے سٹاف کے خلاف مقدمہ درج نہ کروانے کے لئے دباو ڈال رہا ہے۔