شریا سرن 10

آوارہ پن فلاپ ہوئی تو ایوارڈ شوز میں بھی مدعو نہیں کیا گیا، شریا سرن

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ اداکارہ شریا سرن نے انکشاف کیا ہے کہ آوارہ پن فلاپ ہوئی تو نامزدگیوں کے باوجود ایوارڈ شوز میں مدعو نہیں کیا گیا تھا۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ہدایت کار موہت سوری کی 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم آوارہ پن جس میں عمران ہاشمی، شریا سرن اور مرنالینی شرما نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے فلم باکس آفس پر کامیاب نہ ہوسکی لیکن کچھ حلقوں کی جانب سے اس گانے اور کہانی پسند کی گئی تھی۔

تقریبا 2 دہائیوں کے بعد آوارہ پن 2 ریلیز کی گئی جو 100 کروڑ سے زائد کا بزنس کرچکی ہے اور اسے ہٹ قرار دیا جارہا ہے۔تاہم اب پنک ولا کو دیے گئے انٹرویو میں آوارہ پن کی اداکارہ شریا سرن نے فلم کی ابتدائی باکس آفس کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا اور یہ انکشاف بھی کیا کہ فلم کو نامزدگیاں ملنے کے باوجود انہیں کچھ ایوارڈ شو میں مدعو تک نہیں کیا گیا تھا۔شریا سرن نے کہا کہ جب فلم ریلیز ہوئی تھی تو ہم سب کو اس سے بہت سی امیدیں تھیں لیکن پتہ نہیں کیوں مجھے لگتا ہے کہ یہ اپنے وقت سے آگے کی فلم تھی۔ اسے کچھ ایوارڈ شوز میں نامزد بھی کیا گیا تھا لیکن انہوں نے مجھے دعوت نامہ نہیں بھیجا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ آوارہ پن ایک ایسی فلم ہے جس کے بارے میں میرا خیال تھا کہ اس کی تعریف کی جائے گی لوگ اسے پسند کریں گے لیکن جب اس طرح کی چیزیں ہوتی ہیں تو آپ کو بہت مایوسی ہوتی ہے۔

شریا سرن کے مطابق ابتدائی باکس آفس نتائج کے باوجود لوگ انہیں مسلسل یہ بتاتے رہے تھے کہ وہ اس فلم سے کتنی محبت کرتے ہیں، تو پھر ایک طویل عرصے تک مجھے یہ لگتا رہا کہ شاید لوگ صرف اس کے گانوں کو پسند کرتے ہیں، کیونکہ گانے شاندار تھے اور عمران ہاشمی نے بہترین اداکاری کی لیکن اب آپ جانتے ہیں مجھے لگتا ہے کہ لوگوں کو اس کی کہانی پسند آئی۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے فلم کی کہانی کو واقعی میں محسوس کیا ورنہ جتنی محبت اسے ابھی تک دی جارہی ہے وہ نہ ملتا۔واضح رہے کہ نتن ککڑ کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ”آوارہ پن 2” میں عمران ہاشمی، دیشا پٹانی اور شبانہ اعظمی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ فلم 14 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں