لاہور( رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی پر وزیر اعظم شہباز شریف سے اظہارِ تشکر کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی کی جائے تاکہ مڈل کلاس طبقے کو سکھ کا سانس آ سکے ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ حکومت پیٹرولیم لیوی میں مزید کمی کرے جس سے مجموعی قیمت مزید قابل برداشت ہو سکے گی جس سے ٹرانسپورٹ و اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بھی کمی ممکن ہو گی ۔
انہوںنے کہا کہ مستقل اور مزید ریلیف کے اقدامات سے عوام کی قوت خرید بڑھے گی جس سے معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔اشرف بھٹی نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ مشرق وسطی میں کشیدگی کی وجہ سے دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان کے لئے بھی چیلنجز بڑھے ہیں تاہم وزیراعظم شہباز شریف ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں سے حالات بہتری کی جانب گامزن ہیں۔









