لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)نامور اداکارہ و گلوکارہ شاہدہ منی نے کہا ہے کہ آفتاب اقبال نے لیجنڈاداکار سلطان راہی مرحوم کے بارے میں دئیے گئے بیان کے تناظر میں اپنی غلطی کا اعتراف کر کے بڑے پن کا ثبوت دیا ہے ، آفتاب اقبال پڑھے لکھے اور سلجھے ہوئے انسان ہیں اور ان سے اسی طرح کے رویے کی توقع تھی ۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شاہدہ منی نے کہا کہ سلطان راہی مرحوم کی طرح شان بھی فلم انڈسٹری کی پہچان ہے اور دونوں کی فن کیلئے بڑی خدمات ہیں ۔
سلطان راہی مرحوم کے صاحبزادے حیدر سلطان نے بھی آفتاب اقبال کی غلطی سے در گزرکرتے ہوئے ان کے بارے میں کہے گئے الفاظ واپس لینے کا اعلان کیا ہے جو بہت اچھا رجحان ہے ۔شاہدہ منی نے کہا کہ سلطان راہی کا ایک مقام ہے جس سے کوئی بھی انکار نہیں کر سکتا،انہوںنے فلم انڈسٹری کیلئے گراں قدرخدمات سر انجام ہیں او ر پنجابی فلم کی تاریخ سلطان راہی کے مثبت ذکر کے بغیرمکمل نہیں ہو سکتی ۔