شہباز گل

آصف زرداری، شریف خاندان نے جو کیا وہ ہم نہیں کر سکتے، شہباز گل

فیصل آباد(رپورٹنگ آن لائن)وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری اور شریف خاندان نے جو کیا وہ ہم نہیں کر سکتے، مریم نواز نعرہ لگوایا کرتی تھی عمران زرداری بھائی بھائی اور پھر کل ن لیگ اور پیپلز پارٹی والوں کی ملاقات ہوئی، اتوار کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ آصف زرداری، بلاول بھٹو، حمزہ شہباز اور مریم صفدر سب بیٹھے ہوئے تھے جبکہ خواجہ سعد رفیق اور دیگر لوگ بھی تھے لیکن انہیں فریم سے کاٹ دیا گیا۔

سعد رفیق کا سیاسی قد مریم صفدر سے زیادہ بڑا ہے،شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے 2ورلڈ کلاس یونیورسٹیاں بنائی ہیں جبکہ ہم غریب اور مزدور طبقے کی تنخواہ میں اضافے پر توجہ دے رہے ہیں لیکن جس طرح غریب کی مدد نواز شریف اور آصف زرداری نے کی اس طرح ہم نہیں کر سکتے،انہوں نے کہا کہ ملک مقصود چپڑاسی کے اکاﺅنٹ میں انہوں نے 4ارب روپے ڈال دیئے۔ آصف زرداری نے سموسے اور پاپڑ والے کی غربت ختم کی لیکن یہ ان غریبوں کے اکانٹ میں یہ پیسے رہنے دیتے لیکن یہ لوگ اگلے دن ہی پیسے نکال دیتے ہیں،معاون خصوصی نے کہا کہ جس کے اکاﺅنٹ میں اربوں روپے ڈالتے ہو اس میں ایک 2لاکھ روپے تو چھوڑو۔

تمہارے ببلو 17سال کے عمر میں ارب پتی ہو گئے لیکن عمران خان نے غریب کی مدد کی ہے اور وہ کسی کو ارب پتی نہیں کر سکے،انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور شریف خاندان نے جو کیا وہ ہم نہیں کر سکتے، ہمارے لوگ آپ سے رابطے میں اور آپ کے لوگ ہمارے زیر اثر ہیں۔ آپ سیون اپ کی بوتل میں جو مرضی ڈالیں دونوں ٹبر کرپٹ ہیں۔