سڈنی (رپورٹنگ آن لائن) آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ ان کی حکومت کورونا سے متاثرہ روزگار اور معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات کا سلسلہ آئندہ سال تک جاری رکھے گی،امدادی پروگرامز کے ذریعے 86 ارب آسٹریلین ڈالر(60 ارب امریکی ڈالر) سے بیروزگار افراد اور ملازمین کو فارغ نہ کرنے والے کاروباری اداروں کی مالی معاونت کی جائے گی۔
عالمی میڈیا کے مطابق یہ بات انھوں نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہی۔وزیراعظم نے کہا کہ آسٹریلیا کو 30 سال کے عرصے میں پہلی کساد بازاری کا سامنا ہے اور بیروزگاری دو درجے تک بڑھ چکی ہے، اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومت دو مالی امدادی پروگرامز پر 86 ارب آسٹریلین ڈالر (60 ارب امریکی ڈالر)خرچ کرے گی۔
اس سے قبل 1 ملین کورونا متاثرہ کمپنیوں و کاروباری اداروں کی معاونت پر 30 ارب ڈالر خرچ کرچکی ہے جس سے ساڑھے 3 لاکھ ملازمین کا روزگار بچانے میں مدد ملی۔یاد رہے کہ فروری سے مئی کے دوران ملک میں کورونا وائرس کے باعث 2 ملین (20 لاکھ) سے زیادہ افراد بے روزگار ہوئے یا ان کے کام کے دورانیے میں کمی کے باعث انھیں شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔