اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، تحریکوں میں نوجوانوں کا کردار انتہائی اہم ہے، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
پیر کو اپنے بیان میں مشال ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتی کشمیری قوم 9لاکھ فوج سے لڑ رہی ہے، 70سال سے بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہی ہے، آزادی کیلئے کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بھارتی مظالم دنیا کے سامنے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ نہتے کشمیری قربانیوں کی لازوال تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ مشال ملک نے مزید کہا کہ کشمیر میں نوجوان تحریک آزادی چلا رہے ہیں، بھارتی فوج نے مقبوضہ وادی میں درندگی کی انتہا کردی ہے، مظلوموں پر ظلم وستم کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔