سیف الملوک کھوکھر 16

آزاد کشمیر کی عوام نے ترقی اور استحکام کو ووٹ دیا، سیف الملوک کھوکھر

لاہور( رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن)لاہور کے صدر سیف الملوک کھوکھر نے آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن)کی کامیابی پر پارٹی قیادت، کارکنوں اور امیدواروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کی باشعور عوام نے ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کی سیاست پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، کشمیری عوام نے اپنے ووٹ کی طاقت سے ثابت کر دیا ہے کہ مسلم لیگ (ن)ہی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح کی حقیقی نمائندہ جماعت ہے۔

اپنے بیان میں سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کو چاہیے کہ وہ آزاد کشمیر کے انتخابات کو متنازعہ بنانے کے بجائے عوام کے واضح مینڈیٹ اور اپنی شکست کو کھلے دل سے تسلیم کرے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ (ن)کے تاریخی اور کامیاب عوامی اجتماعات نے پہلے ہی یہ واضح کر دیا تھا کہ عوام کا رجحان کس جانب ہے، جس کی تصدیق 27 جولائی کو ہونے والے پہلے مرحلے کے انتخابی نتائج نے کر دی۔

انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ 2 اور10اگست کو ہونے والے انتخابی مراحل میں بھی مسلم لیگ (ن)بھرپور کامیابی حاصل کرے گی جس کے بعد آزاد کشمیر میں ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے جو وعدے کیے ہیں، ان پر ان شا اللہ مکمل طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔مسلم لیگ (ن)آئندہ بھی عوامی خدمت، میرٹ، شفافیت اور پائیدار ترقی کے ایجنڈے پر اسی جذبے کے ساتھ عمل پیرا رہے گی اور آزاد کشمیر کے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں