شیری رحمان

آئینی ترمیم،ہمیں کوئی جلد بازی ہے نہ ہماری طرف سے کوئی ڈیڈلاک ہے، شیری رحمان

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہم کسی چیز میں جلدبازی نہیں کرنا چاہتے، نہ ہماری طرف سے کوئی ڈیڈ لاک ہے،بلاول بھٹوائینی ترمیم کو اتفاق رائے سے لاناچاہتے ہیں،سیاست ممکنات کافن ہے۔جمعہ کوپارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ تمام لوگ مطمئن ہو جائے تو آگے بڑھیں گے، یہی احسن طریقہ ہے، ہماری طرف سے کوئی ڈیڈ لاک نہیں۔

انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ اور سیاست میں اگر ڈائیلاگ جاری رہے تو ڈیڈ لاک نہیں ہوتا، چیئرمین بلاول بھٹو اس آئینی ترمیم کو اتفاق رائے سے لانا چاہتے ہیں، سیاست ممکنات کا فن ہے۔دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ غیر متفقہ آئینی ترمیم 73کے متفقہ آئین کو متنازع بنا دے گی، سیاسی اتفاق رائے کے بغیر آئینی ترمیم فیڈریشن کے لیے خطرناک ہوگی۔

ملک کے ماہر قانون ساز اور سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے اپنے ایک بیان میں مشورہ دیا کہ حکومت 26ویں آئینی ترمیم پرسیاسی اتفاق رائے غیر مستحکم کرنے کی کوشش پر نظررکھے۔انہوں نے کہاکہ بلاول اور فضل الرحمان سیاسی اتفاق رائے کی جانب بڑھ رہے ہیں، تمام سیاسی اسٹیک ہولڈرز کے درمیان سیاسی اتفاق رائے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اتفاق رائے کے بغیرآئینی ترمیم 73کے متفقہ آئین کومتنازع بنادے گی، غیرمتفقہ آئینی ترمیم فیڈریشن کیلیے خطرناک ہوگی۔
٭٭٭٭٭