سیمنار

آئی پی ایچ میں ہسپتال انتظامیہ کی استعداد کار میں اضافہ،بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے سیمنار

لاہور،06 نومبر:(زاہد انجم سے) پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے کہا ہے کہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ صوبے میں صحت عامہ کے فروغ، ہسپتالوں کی مینجمنٹ کو بہتر بنانے اورمعاشرہ میں بیماریوں کی روک تھام میں ایک نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید تربیتی پروگرامز کے ذریعے ہسپتالوں کے انتظامی عملے کو بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ مریضوں کو زیادہ مؤثر اور معیاری طبی سہولیات میسر آ سکیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں صوبہ پنجاب میں صحت عامہ کے نظام میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں۔ عوامی آگاہی مہمات کے ذریعے شہریوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کے لیے ترغیب دی جا رہی ہے۔پروفیسر فاروق افضل نے ان خیالات کا اظہار انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ لاہور میں ہسپتال انتظامیہ کی استعداد کار میں اضافے اور بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے سیمنار میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

اس موقع پر انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل نے کہا کہ ادارہ نہ صرف بیماریوں کی روک تھام کے حوالے سے تحقیقی سرگرمیوں میں مصروف ہے بلکہ ہسپتال انتظامیہ اور صحت عامہ کے دیگر شعبہ جات کے لیے تربیتی پروگرامز کورسز بھی انعقاد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی ایچ حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق صحت کے شعبے کو سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے، اور جدید تحقیق و ڈیٹا بیسڈ پالیسی سازی کے ذریعے عوامی صحت کے نظام کو مستحکم کیا جا رہا ہے۔پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل کے ذریعے صحت عامہ کے مسائل کے حل کے لیے مؤثر حکمتِ عملی وضع کر رہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی پروفیسر فاروق افضل کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ شرکاء نے انسٹیٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ کی کاوشوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ صحت مند پنجاب کے قیام کے لیے تمام ادارے باہمی تعاون سے اپنی خدمات جاری رکھیں گے۔اس موقع پر رشدا لودھی، عشاء خالد رانا، عیشہ آصف، عزیز احمد اعوان، صدر پی ای ایس ایس پنجاب بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد جاوید، سینئر کالم نگار محمد واصف ناگی، پروفیسر صوبیہ قاضی، ڈاکٹر اسامہ، ڈاکٹر صائمہ ایوب، ڈاکٹر تنویر بھروانہ، ڈاکٹر فرخ علوی، ڈاکٹر کامران، ڈاکٹر عزیر مختار، مسٹر آصف، ڈاکٹر زہرہ تارڑ، ڈاکٹر عائشہ عثمان، ڈاکٹر صبا سلیم، ڈاکٹر سیدہ فاطمہ و ہیلتھ پروفیشنلز بڑی تعداد میں موجود تھے۔