جعفر بن یار
پنجاب کی جیلوں میں مقید اسیران کو تازہ اور گرم کھانے کی تیز ترین ترسیل کے لئے “یونائیٹڈ آٹو انڈسٹری” کی سپیشل ڈیزائن پر تیار کردہ 129 لوڈ کیریئر گاڑیاں پنجاب کی جیلوں میں فراہم کر دی گئی ہیں.
لوڈ کیریئر گاڑیاں کو جیل حکام کے حوالے کرنے کے سلسلے میں “یونائیٹڈ آٹو انڈسٹری” کی جانب سے تقریب کا انعقاد کیا گیا
تقریب میں انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ہے۔ تقریب میں آمد پر آئی جی جیل خانہ جات کا پرتپاک استقبال کیا گیا ہے۔
اس تقریب میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر میاں سالک جلال ، ڈی آئی جی لاہور ریجن نوید راؤف ، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ سید بابر علی سمیت جیل افسران کی بڑی تعداد نے شرکت کی اس موقع پر”یونائیٹڈ آٹو انڈسٹری” کی جانب سے ڈائریکٹر مارکیٹنگ اینڈ سیلز ضیاء اللہ چوہدری ، ڈائریکٹر پلانٹ عبیداللہ چوہدری ، جنرل مینیجر مارکیٹنگ سلام اللہ اور مینیجر سیلز ثاقب جمیل بھی موجود تھے.
پنجاب کی جیلوں میں 164 ملین کی لاگت سے جیل کچن سے قیدیوں کیلئے تیار شدہ کھانے کی تیز ترین ترسیل کے لئے 129 لوڈ کئیریر گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔
لوڈ کیریئر گاڑیاں پنجاب کی جیلوں میں مقید اسیران کو گرم اور تازہ کھانے کی بروقت ترسیل میں مددگار ثابت ہوں گی۔ روائتی طریقے سے کھانے کی تقسیم کار کے دوران ضائع ہونے والے کھانے کو بھی بچایا جا سکے گا۔
علاوہ ازیں ملاقات کے دوران قیدیوں کے ورثاء کی طرف سے دیئے گئے سامان کی اسیران کو جیل کے اندر ترسیل بھی لوڈ کیریئر گاڑیوں کے ذریعے عمل میں لائی جائے گی۔
آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں فاروق نذیر کا کہنا ہے پنجاب کی ایک سے ڈیڑھ کلو میٹر رقبے پر مشتمل جیلوں میں روائتی طریقے سے کھانے کی تقسیم کار پر تقریباً تین گھنٹے کا وقت لگتا ہے۔ زیادہ وقت لگنے کی وجہ سے کھانا اکثر ٹھنڈا اور ضائع ہو جاتا ہے مگر اب لوڈ کیریئر گاڑیوں کی مدد سے اسیران کو کم وقت میں گرم اور تازہ کھانا فراہم کیا جائے گا۔
آئی جی جیل خانہ جات نے “یونائیٹڈ آٹو انڈسٹری” کی انتظامیہ کا لوڈ کیریئر گاڑیوں کی تیاری کے مختلف مراحل میں بھرپور تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا ہے۔