خواجہ حبیب

آئی ایم ایف کی پابندیاںحکومت کے اچھے فیصلوں میں رکاو ٹ ہیں’ خواجہ حبیب

لاہور( ر پورٹنگ آن لائن)ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی پابندیاں حکومت کے اچھے فیصلوں میں سب سے بڑی رکاو ٹ ہیں،حکومت اس کے چنگل میں ایسا پھنس چکی ہے کہ اسے نہ چاہتے ہوئے بھی ناپسندیدہ فیصلے کرنے پڑتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی جانب سے140 ارب روپے کی ٹیکس رعایات ختم کرنے کی شرط مہنگائی کا نہ ختم ہونے والا طوفان لائے گی.

جس سے معیشت پر بہت ہی منفی اثرات مرتب ہوں گے،ان میں پیٹرولیم کمپنیاں سر فہرست ہیں۔ اس کے علاوہ سی پیک کے ٹیکس فری زون بھی زد میں آ رہے ہیں،حکومت پاکستان جب تک اسمبلی میں بل پیش نہیں کر دیتی یہ پتہ نہیں لگایا جا سکتا کہ اصل میں کتنے ارب کی ٹیکس چھوٹ ختم ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ان رعایات کے ختم ہونے سے ٹیکس آمدن میں تو اضافہ ہو گا لیکن حکومت کو سیاسی سطح پر نقصان پہنچ سکتا ہے،عام آدمی کو اس سے کوئی غرض نہیں کہ حکومت پر کتنا دبائو ہے۔