آئی ایم ایف

آئی ایم ایف ٹیکس ریونیو کا ہدف 15 ٹریلین روپے سے زائد کرسکتا ہے ‘ عامر قدیر

لاہور(رپورٹنگ آن لائن)چیئرمین ریو نیو ایڈوائزرز ایسوسی ایشن عامر قدیر نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ٹیکس ریونیو کا ہدف 15 ٹریلین روپے سے زائد کرسکتا ہے جس کیلئے حکومت کو جی ایس ٹی یا پی ڈی ایل میں اضافے جیسے اقدامات اٹھانے پڑسکتے ہیں اور اس سے بالواسطہ مہنگائی بڑھ سکتی ہے .

آئی ایم ایف کا جائزہ مارچ کے پہلے ہفتے میں طے ہے جس میں نئے ریونیو اہداف اور بجٹ سے متعلق نئے ٹیکس اقدامات کو زیادہ توجہ دی جائے گی جس کیلئے حکومت کو پیشگی تیاری کرنے کی ضرورت ہے ۔

اپنے بیان میں عامر قدیر نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ بھی آئی ایم ایف کے تحت بنے گا جس کی وجہ سے ریلیف کی توقع نہیں کی جا سکتی اور معیشت میں حصہ ڈالنے والے شعبے دبائو کا شکار رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قطعی طور پر اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ اپنی مرضی کا بجٹ پیش کرے یہی وجہ ہے کہ بجٹ سے قبل معیشت میں حصہ ڈالنے والے شعبے محتاط ہو جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بجٹ میں برآمدات پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ،اس کے ساتھ ساتھ آئی ٹی اور اوورسیز پاکستانیوں کے لئے بھی مراعات کا اعلان کیا جائے جس سے ہمارے زر مبادلہ کے ذخائر مضبوط ہوں گے، رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبے کے لئے جامع اور موثر پالیسی لانی ہو گی ۔