اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ دھاندلی کے بغیر انتخابات نہ جیتنے والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کر رہے ہیں ، صاف شفاف انتخابات کے لیے تحریکِ انصاف کی کوششیں ہمیشہ جاری رہے گی، ہم نے الیکشن سسٹم ٹھیک کرنے کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے طویل احتجاج کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ آئندہ الیکشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ہوں گے۔ کرکٹ کی دنیا میں شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کے لیے عمران خان نیوٹرل امپائر لائے، عمران خان نے اپنی پارٹی کے 20 اراکینِ پارلیمنٹ کو ووٹ بیچنے پر نکالا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ الیکشن میں انشا اللہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق حاصل ہو گا۔