لاہور (رپورٹنگ آن لائن) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی مقدمات کے سلسلے میں تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواستوں پر پراسیکیوشن کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج منظر علی گل نے 9مئی عسکری ٹاور جلائو گھیرائو سمیت 4مقدمات میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی جس میں پراسیکیوشن نے مقدمات کا ریکارڈ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کرلی ۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پراسیکیوشن میٹنگ میں گئی ہیں، جس کی وجہ سے دلائل بھی نہیں دے سکتے ۔ عدالت نے پراسیکیوشن کے ریکارڈ پیش نہ کرنے پر ناراضی کا اظہار کیا اور ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 15نومبر تک ملتوی کر دی ۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج نے ریمارکس دیئے کہ پراسیکیوشن کو ریکارڈ پیش کرنے کا آخری موقع دے رہا ہوں ۔ اگر آئندہ سماعت پر ریکارڈ پیش نہ کیا تو عدالت اپنا فیصلہ کر دے گی ۔دورانِ سماعت ڈاکٹر یاسمین راشد کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ہم نے ضمانت کی درخواستوں پر دلائل مکمل کر رکھے ہیں ۔ پراسیکیوشن کی وجہ سے ضمانتں پر فیصلہ تاخیر کا شکار ہے۔
ہم نے اپنے دلائل کی تائید میں عدالتی فیصلوں کی نقول بھی دے رکھی ہیں۔واضح رہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے مغلپورہ، زمان پارک اور جناح ہائوس کے قریب چوک میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔